لجنۃ العلماء حیدرآباد کے بین المدارس مسابقہ کے نتائج 

لجنۃ العلماء کے بین المدارس مسابقۂ صحافت و خطابت میں ادارۂ اشرف العلوم، حیدرآباد کی نمایاں کامیابی

لجنۃ العلماء کے زیرِ اہتمام منعقدہ بین المدارس مسابقۂ صحافت و خطابت میں ادارۂ اشرف العلوم، حیدرآباد کے طلبہ نے نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے ادارہ کا نام روشن کیا، ریاست بھر کے ممتاز دینی مدارس کے مابین منعقدہ اس باوقار علمی مقابلے میں ادارہ کے طلبہ نے صحافت وخطابت کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور ثبوت دیتے ہوئے کئی اعزازات اپنے نام کیے۔

تحریری مسابقہ میں محمد داور الدین (عربی پنجم) نے اول پوزیشن جبکہ محمد سفیان الدین (عربی پنجم) نے سوم پوزیشن حاصل کی۔

مسابقۂ خطابت میں محمد واجد حفیظ (موقوف علیہ) نے طبقۂ علیا میں "الحاد کا بڑھتا ہوا فتنہ اور علماء کی ذمہ داریاں” کے عنوان پر سوم پوزیشن حاصل کی۔

طبقۂ وسطی میں "اسمارٹ فون: دینی و دنیوی نقصانات اور بچاؤ کی تدابیر” کے عنوان پر محمد الیاس (عربی پنجم) نے سوم پوزیشن اور محمد سفیان (عربی پنجم) نے ترغیبی انعام حاصل کیا۔ جبکہ طبقۂ ادنیٰ میں "حضرت ابوبکر صدیقؓ؛ دینی غیرت اور ایمانی حمیت کا کوہِ گراں” کے عنوان پر عمر فیضان (عربی اول) ترغیبی انعام کےمستحق قرار پائے۔

ذمہ داران ادارہ نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے اس کامیابی کو ان کی محنت، اساتذہ کی تربیت اور ادارے کے علمی ماحول کا ثمر ہ قرار دیا اور آئندہ مزید علم وعمل میں ترقی کیلئے اپنی دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

 پیش کردہ : 

مولانا مفتی  محمد مجیب الرحمٰن تمیم قاسمی 

استاذ ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد