ادارہ اشرف العلوم حیدرآبادمیں تعطیلاتِ ششماہی 1448ھجری کا آغاز

ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد میں تعلیمی سال کے ششماہی امتحانات کے بعد طلبہ کے لیے ۳۰    ؍اگست بروز اتوار ۲۰۲۶ء سے ۱۴ ستمبر بروز پیر ۲۰۲۶ء تک تعطیلاتِ ششماہی کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس موقع پر طلبہ کو تعطیلات کے سلسلے میں مختلف اہم ہدایات بھی دی گئیں۔
ناظمِ تعلیمات مفتی عبد الملک انس صاحب دامت برکاتہم نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ تعطیلات کے بعد ۱۵؍ ستمبر ۲۰۲۶ء بروز منگل  ترانہ میں حاضری ضروری ہے، لہٰذا تمام طلبہ مقررہ وقت پر ادارہ میں حاضر ہوں۔
انہوں نے اسمارٹ فون وغیرہ کے تعلق سے بھی طلبہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں تعطیلات کے بعد کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی، اس لیے طلبہ ادارہ کے ضوابط کی مکمل پابندی کریں، اسمارٹ فون ہر گز ساتھ نہ لائیں۔
اسی طرح تعطیلات کے بعد  مدرسہ کا مقررہ یونیفارم، یعنی سفید اسلامی لباس، کلی دار کرتا اور پائجامہ پہننا ضروری ہوگا، اس سلسلہ میں خلاف ورزی سے مکمل احتراز  لازمی ہے۔
ناظم تعلیمات نے اپنی مختصر بات میں سفر کے آداب کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ طلبہ سفر کی مسنون دعا پڑھ کر روانہ ہوں، سفر کے دوران تمام آداب کا لحاظ رکھیں اور ہر قسم کے شر و فتنہ اور غیر ضروری مشاغل سے بچتے ہوئے سیدھے اپنے گھروں کو پہنچیں۔ یہاں سے اپنے دوست و احباب کے یہاں یا کہیں اور جانے یا غیر ضروری قیام کی ترتیب نہ بنائیں، بلکہ پہلے خیرو عافیت کے ساتھ اپنے گھر پہنچ جائیں۔
انہوں نے طلبہ کو تعطیلات کے دوران نمازوں کی پابندی، اعمالِ صالحہ اور مسنون اعمال کا خصوصی اہتمام کرنے کی تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ دینی علوم کے طالب علم اور دین کے علمبردار ہیں، اس لیے آپ کے معمولات میں دینی شعائر اور اسلامی آداب نمایاں ہونے چاہئیں۔
انہوں نے مزید طلبہ کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ تعطیلات کے دوران اپنے اپنے علاقوں میں اپنی استطاعت کے مطابق سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر مختصر گفتگو کا اہتمام کریں، تاکہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ طیبہ اور آپ ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔
ادارہ کی جانب سے طلبہ کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ تعطیلات کو مفید اور بامقصد بنانے کے ساتھ اپنے والدین و سرپرستوں کی خدمت، دینی معمولات کی پابندی اور اسلامی اخلاق و آداب کی رعایت کا خصوصی اہتمام کریں۔
اللہ سبھی طلبہ کو خیروسلامتی کے ساتھ اپنے گھر پہونچائے اور بہ عافیت واپسی مقدر فرمائے اور طلبہ کو ان کی امتحانی محنتوں کا بھرپور نتیجہ عطا فرمائے۔ آمین۔

پیش کردہ :   مولانا مفتی مجیب الرحمٰن قاسمی

(استاذ ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد)