ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد میں شعبۂ عالمیت مع علوم ِ عصریہ کے طلبہ کی پیرنٹ ٹیچر میٹنگ کا انعقاد
ادارۂ اشرف العلوم حیدرآباد میں شعبۂ عالمیت مع علومِ عصریہ کے طلبہ کی تعلیمی و تربیتی پیش رفت سے والدین کو واقف کرانے اور ادارہ و والدین کے درمیان مزید مضبوط تعلیمی ربط قائم کرنے کے مقصد سے پیرنٹ ٹیچر میٹنگ کا انعقاد عمل میں آیا، یہ اہم پروگرام 4 اکتوبر 2026ء بروز اتوار اشرف ماڈل اسکول سے متصل خانقاہ سعیدیہ ہال میں منعقد ہوا۔
پروگرام میں طلبہ کی تعلیمی کارکردگی، انفرادی رپورٹ اور مجموعی تعلیمی و تربیتی کیفیت سے والدین کو باقاعدہ آگاہ کیا گیا، اس کے ساتھ والدین کو ادارے کے تعلیمی و تربیتی نظام، شعبۂ عالمیت مع علومِ عصریہ کے طریقۂ کار اور طلبہ کی دینی تعلیم کے ساتھ عصری علوم میں بہتر استعداد پیدا کرنے کے لیے کی جانے والی مختلف کوششوں سے بھی تفصیلی طور پر واقف کرایا گیا۔
اس موقع پر طلبہ نے اپنی مختلف تعلیمی سرگرمیوں اور حاصل شدہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا، جسے والدین نے خصوصی دلچسپی اور مسرت کے ساتھ دیکھا، انفرادی طور پر اساتذہ سے ملاقات اور اپنے بچوں کی تعلیمی و تربیتی کیفیت پر گفتگو کے لیے بھی مناسب وقت فراہم کیا گیا، تاکہ ہر طالب علم کی ضروریات اور آئندہ کی بہتری کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوسکے۔
پروگرام کی ایک نمایاں خصوصیت اس کا منظم اور جامع انداز تھا، اجتماعی نشست کے ساتھ انفرادی ملاقات، طلبہ کا عملی مظاہرہ، والدین کی رہنمائی اور خواتین کے لیے مکمل پردے کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا، نیز تمام شرکائے پروگرام کے لیے ادارے کی جانب سے ناشتہ اور ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا، جو دینی اداروں کی اپنے مہمانوں کے ساتھ محبت، میزبانی اور روایتی ضیافت کا ایک خوب صورت مظہر تھا۔
والدین نے پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر اپنے اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا اور بالخصوص اس بات کو قابلِ قدر قرار دیا کہ ادارہ محض تعلیمی نتائج تک محدود نہیں، بلکہ طلبہ کی دینی، اخلاقی، تربیتی اور عصری ضروریات پر بھی یکساں توجہ دے رہا ہے، متعدد والدین نے آئندہ کے لیے اپنی مثبت تجاویز پیش کیں اور ادارے کے ساتھ مزید تعاون و اشتراک کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ پیرنٹ ٹیچر میٹنگ مجموعی طور پر نہایت مفید، منظم اور کامیاب رہی، جس نے ادارہ، اساتذہ، طلبہ اور والدین کے درمیان باہمی اعتماد اور تعلیمی اشتراک کو مزید مضبوط کرنے کی ،راہ ہموار کی۔
اس موقع پر ادارہ کے روحِ رواں حضرت مولانا محمد عبد القوی صاحب دامت برکاتہم ،علومِ عصریہ کے تمام اساتذہ اور اس شعبہ کے فعال و متحرک ذمہ دار مولانا مفتی احسان احمد صدیقی صاحب زید فضلہٗ قابلِ مبارک باد ہیں، جن کی محنت، نگرانی اور مخلصانہ کوششوں سے یہ پروگرام حسن و خوبی کے ساتھ پایۂ تکمیل کو پہنچا۔
اللہ تعالیٰ ان تمام کوششوں کو شرفِ قبول عطا فرمائے، ادارہ کو مزید ترقی و استحکام نصیب فرمائے اور اس تعلیمی و تربیتی نظام کو ادارہ اور طلبہ دونوں کے حق میں خوب نافع اور ثمرآور بنائے۔ آمین۔
پیش کردہ : مولانا مفتی محمدمجیب الرحمٰن تمیم قاسمی
(استاذ ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد)
