ادارہ اشرف العلوم میں امتحانات ِ ششماہی 1448ھ کے نتائج کا اعلان
ادارۂ اشرف العلوم حیدرآباد میں رواں تعلیمی سال کے امتحاناتِ ششماہی 1448ھ کے نتائج کا باضابطہ اعلان عمل میں آیا، اس موقع پر ممتاز کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں میڈلز تقسیم کیے گئے، جب کہ تمام طلبہ کو ان کی انفرادی تعلیمی کارکردگی پر مشتمل رپورٹ کارڈ بھی جاری کیے گئے۔
امسال امتحانات میں مجموعی طور پر 714 طلبہ شریک ہونے کے اہل تھے، جن میں سے 686 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی، جب کہ 28 طلبہ غیر حاضر رہے، نتائج کے مطابق 168 طلبہ نے اعلیٰ، 268 نے متوسط اور 208 طلبہ نے ادنیٰ درجہ حاصل کیا، جب کہ 42 طلبہ کامیاب نہ ہوسکے۔
ان امتحانات میں تین طلبہ نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے "کل جامعہ” کا تمغۂ امتیاز حاصل کیا، اس موقع پر تمام ممتاز طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے میڈلز تقسیم کیے گئے، جس سے طلبہ میں خوشی اور مزید محنت کا جذبہ پیدا ہوا۔
امسال کے ششماہی امتحانات اپنی عمدہ ترتیب، حسنِ انتظام اور منظم امتحانی نظام کے اعتبار سے خصوصی اہمیت کے حامل رہے، امتحانات کے مراحل میں متعدد نئے امور پہلی مرتبہ عملی طور پر شامل کیے گئے، جنہیں بحمد اللہ کامیابی کے ساتھ پایۂ تکمیل تک پہنچایا گیا۔
امتحانات کے اس پورے نظام کی کامیابی میں حضرت ناظمِ ادارہ کی سرپرستی، ناظمِ تعلیمات حضرت مولانا مفتی عبد الملک انس صاحب اور نائب ناظمِ تعلیمات حضرت مولانا مفتی عبد العزیز اللحجی صاحب کی نگرانی، نیز ناظمِ امتحان حضرت مولانا مفتی احسان احمد صدیقی صاحب کی خصوصی توجہ اور رہنمائی نمایاں رہی۔
اسی طرح امتحان کمیٹی کے جمیع اراکین، تنقیح کمیٹی کے ذمہ داران، پرچوں کی کمپوزنگ و طباعت سے وابستہ افراد، نشستوں اور نمبرات کی تقسیم و ترتیب کے ذمہ داران اور امتحانی مراحل سے متعلق تمام معاونین نے اپنی متعینہ ذمہ داریوں کو نہایت محنت، ذمہ داری اور حسنِ انتظام کے ساتھ انجام دیا، ان تمام حضرات کی شبانہ روز محنتیں اور مخلصانہ کاوشیں نہایت قابلِ قدر ہیں، جن کے نتیجے میں امتحانی نظام بحسن و خوبی پایۂ تکمیل کو پہنچا۔ فجزاهم اللہ خیراً وأحسن الجزاء۔
اللہ تعالیٰ ادارۂ اشرف العلوم کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے اور تمام ذمہ داران، اساتذہ و معاونین کی مخلصانہ خدمات کو شرفِ قبول بخشے۔آمین
پیش کردہ : مفتی محمدمجیب الرحمٰن تمیم قاسمی
(استاذ ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد)
